غلطی کسی انسان کو 2 ٹکے کا نہیں بناتی، عفت عمر

0

معروف اداکارہ اور سابق سُپرماڈل عفت عمر نے کہا ہے کہ غلطی انسان سے ہوجاتی ہے لیکن وہ غلطی کسی انسان کو 2 ٹکے کا نہیں بناتی۔

میزبان احمد بٹ نے عفت عمر سے ان کی سدا بہار شخصیت کے حوالے سے سوال پوچھا کہ ’‘ آپ نے جوانی کا اسٹے آرڈر کہاں سے لیا؟’’ جس پر عفت عمر نے برجستہ کہا کہ ’’ڈاکٹروں سے‘‘۔

اداکاری نہ کرنے کے حوالے سے عفت عمر نے کہا کہ انہیں ایسے کردار مل ہی نہیں رہے ، جو انہیں اداکاری کے لئے اکسائے، آپ کو خود بھی وہ کام نہیں کرنا چاہیے جس پر آپ تنقید کریں۔ اس لئے بہتر یہی ہے کہ آپ کنارہ کشی اختیار کرلیں۔

عفت عمر نے کہا کہ وہ اب جس عمرمیں ہیں، اس کے لئے بہت ہی کم کردار لکھے جاتے ہیں اور ان میں ایسا کچھ نہیں کہ جس کو نبھا کر آپ معاشرے میں کوئی تبدیلی لاسکیں یا کوئی مثبت پیغام دے سکیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہماری کہانیاں اتنی گھٹیا ہوچکی ہیں کہ ہم روتی ہوئی عورتوں اور ظالم ساس دکھانے کے کچھ کرہی نہیں رہے۔

ایک ڈرامے میں فیروز خان کی جانب سے تشدد کے مناظر دکھائے جانے پر عفت عمر نے کہا کہ جب ہم نے اسکرپٹ پر بات کی تھی تو اس وقت بھی میں نے مار پیٹ پر فیروز خان کو کہا تھا کہ اس منظر کو اس طرح مت کرنا، وہ بہت پرتشدد منظر تھا۔

تحفظات کے باوجود ڈرامے میں کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے عفت عمر نے کہا کہ اگر میں اس ڈرامے کو چھوڑ دیتی تو اس سے بہت سے لوگوں کا نقصان ہونا تھا، میں ایک پیشہ ور اداکار کی حیثیت سے یہ نہیں کرسکتی کہ پلہے کام کی حامی بھرلوں اور پھر اسے چھوڑ دوں۔

ماں کے کردار ادا کرنے سے متعلق عفت عمر نے کہا کہ میری اپنی 22 سال کی بچی ہے، اس لئے میں اب ڈراموں میں بھی اداکاروں کی ماں ہی بنوں گی، ان کی ہیروئن تو نہیں بن سکتی۔

نواز شریف کی لندن میں واپسی کے حوالے سے عفت عمر نے کہا کہ ’’ان کا دماغ خراب ہے کہ وہ ان حالات میں واپس آئیں، جب اس طرح کی اشتعال انگیزی پھیلائی ہے اس فتنے نے، تو ان کو بالکل نہیں آنا چاہیے‘‘

عفت عمر نے کہا کہ ایک غلطی کی معافی جس طرح مرد کو ملتی ہے ، اسی طرح عورت کے ساتھ بھی سلوک روا رکھا جانا چاہیے، کوئی عورت 2 ٹکے کی نہیں ہوتی، زمانے میں کہانیاں تو ہر طرح کی ہوتی ہیں، غلطی انسان سے ہوجاتی ہے لیکن وہ کسی انسان کو 2 ٹکے کا نہیں بناتی۔

عمران خان کو ووٹ نہ دینے کے بیان سے متعلق عفت عمر نے کہا کہ اتنے تماشے کے بعد اب ان (عمران خان) کو ووٹ کون دے گا، ملک کو تباہ کردیا، ساڑھے 3 سال کیا دکھایا ملک کے لیے، ابھی بھی کیا کررہا ہے، ہم نے تو ملک میں کبھی اتنی زیادہ افرا تفری نہیں دیکھی، 4 بندے کھڑے ہوکر سڑکیں بند کرکے بیٹھے ہیں، لوگوں کا برا حال ہوا ہے۔

عفت عمر نے مزید کہا کہ عمران خان نے اس ملک میں جو کچھ کیا ہے اس سے پہلے پاکستان بہت بہتر تھا۔ پرانے سیاستدانوں کو کام کرنے دیں، یہی لوگ کام کریں گے اور ملک کو آگے کی جانب لے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.