نئے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے عہدہ سنبھال لیا؛ عوام کی نظریں مسائل کے حل پر مرکوز
تحریر: دانش مینگل
نئے تعینات ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے پیر کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ ان کی تعیناتی کو عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا گیا، شہریوں نے امید ظاہر کی کہ نئے ڈی سی علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کریں گے۔
خضدار طویل عرصے سے متعدد انتظامی، معاشی اور سماجی مشکلات کا شکار رہا ہے، جن میں طویل انٹرنیٹ بندش، مصنوعی مہنگائی، ناجائز تجاوزات، ایرانی پیٹرول کی بڑھتی قیمتیں، شدید بجلی کی لوڈشیڈنگ اور جرائم کی بڑھتی شرح شامل ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی، چوری اور امن و امان کی خراب صورتحال روزمرہ زندگی کو مزید مشکل بنا رہی ہے۔
علاقے میں لینڈ مافیا کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ اور جرائم میں اضافے نے عوام میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ اسی طرح، خضدار کے واحد سرکاری ہسپتال کی حالت، ڈاکٹرز کی غفلت، ادویات کی کمی اور ناقص صفائی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔
تعلیم کے شعبے میں بھی خضدار پسماندہ اضلاع میں شمار ہوتا ہے۔ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، عمارتوں کی ناقص حالت اور سہولیات کا فقدان تعلیمی معیار پر منفی اثر ڈال رہا ہے، جبکہ نجی تعلیمی ادارے شہریوں سے زیادتی کر رہے ہیں۔ نوجوان طبقہ محدود روزگار کے مواقع کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار ہے اور نوکریاں غیر منصفانہ تقسیم کے باعث کم نظر آ رہی ہیں۔
شہریوں نے صحت عامہ کے مسائل پر بھی زور دیا، خاص طور پر ہوٹلوں اور ریستورانوں میں ناقص معیار کے کھانے اور صفائی کے فقدان پر انتظامیہ سے فوری توجہ کا مطالبہ کیا۔
عوام کی توقع ہے کہ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں گے، انتظامیہ کو فعال اور مؤثر بنائیں گے اور خضدار میں عملی تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے۔
خضدار کے عوام نے نئے ڈی سی ساسولی کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ضلع میں شفافیت، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کا نیا دور شروع ہوگا۔



