بلوچستان کو سندھ سے ملنے والا پانی 83 فیصد کم کردیا گیا : وزیر آبپاشی

0

کوئٹہ : صوبائی وزیرآبپاشی میر محمد خان لہڑی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کو سندھ سے ملنے والے پانی کی مقدار 83 فیصد کم کردی گئی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں میر محمد خان نے کہا کہ سندھ کی جانب سے بلوچستان کو پانی کی فراہمی بند کرنے پربھر پور احتجاج کریں گے،  اگر ارسا معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو 25 مئی کو ہونے والے اجلاس میں نہ صرف بائیکاٹ کریں گے بلکہ صوبے بھر میں معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ارسا معاہدے کے تحت کیرتھر کینال میں 1500کیوسک پانی ہمیں ملنا چاہیے لیکن اس کے برعکس اس وقت ہمیں 500کیوسک پانی دیا جارہاہے، اسی طرح پٹ فیڈر کینال میں 4800کیوسک پانی ہمارا حصہ ہے مگر ہمیں 1300کیوسک پانی دیا جارہا ہے جب کہ اوچ کینال مانجھوٹی کینال میں 200کیوسک پانی ملنا چاہیے اس میں بھی پانی خشک ہوگیا ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستا ن میں اس وقت بحرانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے، ہمارے کسان پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.