سریاب روڈ کی توسیع کے منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے : ملک نصیر شاہوانی
کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی نے کہا ہے کہ حکومت سریاب اور سبزل روڈ منصوبے کو فوری طور پر مکمل کرنے کے لئے فنڈز کا اجراءکرکے 2000 سے زائد متاثرہ دکانداروں اور متاثرین کو فوری طور پر معاوضہ ادا کرکے انہیں اپنی دکانیں اور کاروباری ذرائع تعمیر کرنے کے لئے وسائل فراہم کئے جائیں سریاب روڈ کی توسیع کے منصوبے کو نقشے اور فیصلے کے مطابق تعمیر کرکے لوگوں کو اس مشکل صورتحال سے نجات دلائی جائے ہم اسمبلی فلور سمیت ہر فورم پر صوبے میں زیر التواءمنصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنی آواز حکام بالا تک پہنچاتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پارٹی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ ملک نصیر احمد شاہوانی کا کہنا تھا کہ وزیر علیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے پہلے دور اقتدار اور وزارت اعلیٰ کے منصب سنبھالنے کے بعد سریاب روڈ، سبزل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کو کشادہ کرنے کے منصوبے کا افتتاح کیا تھا کئی سال کا عرصہ گزرنے کے علاوہ عبدالقدوس بزنجو کے دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کے باوجود سریاب روڈ ، سبزل روڈ اور دیگر سڑکوں کی توسیع کے منصوبے جوکہ زیر التواءہے ان بڑی اہمیت کے حامل سڑکوں کی تعمیر سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہورہے ہیں اور لوگ کئی کئی گھنٹے رش میں پھنسے رہتے ہیں جنہیں اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اور بچوں کو بروقت اپنے تعلیمی اداروں اور ملازمین کو اپنے دفاتر پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور حادثات کے باعث اور حادثات کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع اور درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام اور لوگوں کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس منصوبے کو بروقت تکمیل تک پہنچانے کےلئے اقدامات کئے جائیں۔ اور متاثرین کو جو معاوضہ دیا جارہا ہے 690 روپے فی فٹ کے حساب سے وہ مارکیٹ ریٹ سے بہت کم ہے اور معاوضے کی فوری ادائیگی کو ممکن بناتے ہوئے لوگوں کو اپنا روزگار کمانے کے لئے دکانوں کی تعمیر اجازت دی جائے اور حکومت فوری طور پر مذکورہ منصوبے کو بروقت مکمل کرنے اور اس کی تکمیل کے لئے فنڈز کا اجراءکرکے سریاب روڈ کو منظور کئے گئے نقشے اور منصوبے کے مطابق مکمل کیا جائے نہ کہ مذکورہ روڈ کی توسیع کشادگی ، سروس روڈ کے ڈیزائن اور چوڑائی میں کمی نہ کی جائے کیونکہ مذکورہ سڑک پر بلوچستان اور دیگر صوبوں کو جانے والی ہیوی ، چھوٹی اور دیگر گاڑیوں سمیت شہر آنے جانے والے لوگوں کا سب سے زیادہ رش ہے ہم اس منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایوان سمیت ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔