موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے رویوں میں تبدیلی ضروری ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

0

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات کو کم کرنے کے لیے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ہفتہ کو بحریہ آڈیٹوریم میں روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 کے زیر اہتمام دو روزہ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس اور ایوارڈز-2023 کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ انسان کو گلوبل وارمنگ سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت کوششیں کیں اور اپنے ماحول کے تحفظ کے لیے 10 ارب سونامی ٹری پروگرام پر کام شروع کیا،انہوں نے متعدد سکولوں کا دورہ کیا اور سکول کے بچوں کے ساتھ پودے لگائے اور انہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے آگاہ کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے کثیر المنزلہ عمارتوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ مٹی کے برتنوں میں پودے لگائیں اور کم از کم اپنی گیلریوں میں اپنی ضرورت کی سبزیاں اگائیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر کراچی کے شہریوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے آگاہ ہونا چاہیے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر 500 ملین گیلن آلودہ پانی سمندر میں بہایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پانی اور بجلی کا تحفظ کرنا چاہیے اور متبادل توانائی بالخصوص سولر سسٹم کا استعمال کرنا چاہیے۔ تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی پر بات کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ ملک میں 2کروڑ 8 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ان سکولوں سے باہر بچوں کے سکولوں میں اندراج کے لئے بڑی تعداد میں سکولوں کی ضرورت ہے،اس خلا کو ٹیکنالوجی پر کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو مصنوعی ذہانت کے استعمال کی تعلیم دی جا سکتی ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں نرسوں کی کمی ہے جس کے لیے9 لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے۔

صدرمملکت نے تقریباً ہر گھر میں ذہنی تناؤ کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔خواتین کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔اس موقع پر انہوں نے پولیو سمیت اہم مسائل پر روٹری انٹرنیشنل کی خدمات کو سراہا۔ قبل ازیں صدرمملکت نے ایوارڈز تقسیم کیے۔

سکول کے بچوں کی طرف سے موسمیاتی اثرات پر بنائی گئی پینٹنگز کے بارے میں بھی انہیں بتایا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر روٹری انٹرنیشنل فیض قدوائی اور ڈسٹرکٹ گورنر 3271 روٹری انٹرنیشنل محمد حنیف خان نے بھی خطاب کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.