بھارت میں شہریت کے بل اور بابری مسجد کیس پر تشویش ہے، او آئی سی

0

جدہ (این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) نے بھارت میں مسلم اقلیت کے ساتھ سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اور دیگر عالمی اداروں کے اصول بلاامتیاز اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جدہ سے جاری بیان میں او آئی سی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کا جنرل سیکریٹریٹ بھارت میں مسلم اقلیتوں کو متاثر کرنے والے حالیہ اقدامات قریب سے دیکھ رہا ہے۔بھارت میں حکمران جماعت بھارتیا جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے متنازع شہریت بل اور دیگر اقدامات پر بیان میں کہا گیا کہ شہریت کے حقوق اور بابری مسجد کیس دونوں حالیہ اقدامات پر تشویش ہے۔او آئی سی نے اپنے بیان میں بھارتی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلم اقلیت کے حفاظت، اسلامی مقدس مقامات کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا جاتا ہے۔بھارت میں پیدا ہونے والی حالیہ صورت حال پر او آئی سی نے کہا کہ جنرل سیکریٹریٹ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس حوالے سے دیگر عالمی معاہدوں کی جانب سے اقلیتوں کے کسی امتیاز کے بغیر حقوق کی ضمانت دینے والے اصولوں کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔او آئی سی کا خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس حوالے سے اگر کوئی اقدام ان اصولوں اور معاہدوں کے برعکس کیا گیا تو مزید کشیدگی بڑھ سکتی ہے اور پورے خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.