جو روٹ وزڈن المانک کے لیڈنگ عالمی کرکٹر قرار
لندن : سابق انگلش کپتان جو روٹ کو وزڈن کرکٹ المانک نے اپنے تازہ ترین ایڈیشن میں لیڈنگ عالمی کرکٹر قرار دے دیا۔
جو 64 میچوں میں قیادت کے فرائض کی انجام دہی کے بعد اپنا عہدہ چھوڑ گئے تھے مگر 2021 ء میں 15 ٹیسٹ میچوں کے دوران انہوں نے 1708 رنز بنا کر خود کو عالمی کرکٹ کا بہترین بیٹر ثابت کیا جس کی بدولت انہیں وزڈن 2022ء کے سرورق پر بھی جگہ ملی۔
جو روٹ کی شاندار کارکردگی کے باوجود انگلش ٹیم گزشتہ 17 میں سے محض ایک میچ ہی جیت سکی البتہ ویمنز میں لیڈنگ پلیئر کا اعزاز جنوبی افریقہ کی لیزل لی کو مل گیا۔کرکٹ کی بائبل وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں انگلش پیسر اولی رابنسن،بھارتی فاسٹ بالر جسپریت بمراہ اور ان کے ساتھی روہیت شرما کے علاوہ جنوبی افریقی ویمن کرکٹر ڈین فان نائیکرک اور نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر ڈیون کانوے کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔