صحت کے مسائل سے متعلق مسجد و منبر کا کردار نہایت اہم ہے، کورونا کے دوران علمائے کرام اور پیش اماموں نے کورونا سے بچائو میں اہم کردار ادا کیا ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحت کے مسائل سے متعلق مسجد و منبر کا کردار نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے دوران علمائے کرام اور پیش اماموں نے کورونا سے بچائو میں اہم کردار ادا کیا ،مساجد و منبر غیر متعدی بیماریوں سے بچائو میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت جمعہ کو مساجد کے ذریعے صحت کے مسائل بارے آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان ،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد ، صوبائی نمائندگان اور اعلی افسران نے شرکت کی ۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کمیونٹی کی شرکت سے نظام صحت پر بیماریوں کا بوجھ کم کیا جا سکتا ہے ۔ اجلاس میں صحت عامہ کی جانب مساجد کے کردار پر پالیسی ڈرافٹ تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ، یہ پالیسی ڈرافٹ دو ہفتے میں تیار کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر صحت نے صدرمملکت اور خاتون اول کو بیماریوں کے بارے میں آگاہی کے لئے کردار ادا کرنے کے عمل کو سراہا ۔ اجلاس میں صوبائی نمائندگان نے اپنے صوبوں میں عوام کی صحت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔