پروٹیز بلے باز ڈین ایلگر کا بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان
جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ڈین ایلگر بھارت کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ 36 سالہ ڈین ایلگر کے فیصلے کی تصدیق کرکٹ ساؤتھ افریقہ (سی ایس اے)نے کر دی ہے۔
تجربہ کار پروٹیز بلے باز ڈین ایلگر کا کرکٹ کیریئر 12 سالوں پر محیط ہے جس میں وہ اب تک 84 ٹیسٹ اور 8 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ڈین ایلگر نے 84 ٹیسٹ میچوں کی 149 اننگز میں 5146 رنز بناچکے ہیں جن میں 23 نصف سنچریاں اور 13 سنچریاں شامل ہیں اور ان کا کیریئر بیسٹ سکور 199 ہے۔ ان کو 17 بار پروٹیز کی قیادت کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
ڈین ایلگر کا کہنا ہے کہ جیسا کہ وہ کہتے ہیں نا کہ تمام اچھی چیزیں ختم ہوجاتی ہیں، اور بھارت کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز میری آخری ہوگی، کیونکہ میں نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ بھارت کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میرا آخری میچ ہوگا جو دنیا بھر میں میرا پسندیدہ سٹیڈیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیپ ٹائون سے ہی میں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور امید ہے کہ میرے کیریئر کا اختتام بھی وہاں ہی ہوگا۔کرکٹ کھیلنا میرا ہمیشہ سے خواب رہا ہے لیکن اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع ملنا میرے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔