2 ٹیسٹ 3 ٹی 20 میچز کی سیریز, شاہین کیویز دیس کیلئے اڑان بھرنے کو تیار
لاہور: قومی شاہین دورہ نیوزی لینڈ کیلئے اڑان بھرنے کوتیار ہیں، گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں اورکرکٹ آفیشلز کے کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے ، اس موقع پر تمام حفاظتی انتظامات اور ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھاگیا۔ذرائع کے مطابق کھلاڑی کوویڈ ٹیسٹنگ عمل کے دوران مطمئن اور پر سکون نظر آئے اور انہوں نے اپنی باری آنے پر نمونہ جمع کرایا ۔یاد رہے کہ کیوی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے کورونا پروٹوکول کے تحت کسی پاکستانی کھلاڑی کا کوویڈٹیسٹ مثبت آگیا تو اس کو سیریز میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف ٹیسٹ کلیئر کرنے والے کھلاڑی ہی بائیو سکیور ببل کا حصہ بن سکیں گے ۔ ذرائع کے مطابق قومی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان شاہینزکے سکواڈ اور سپورٹ سٹاف کے بھی کوویڈ ٹیسٹ کئے گئے جنہیں دورہ نیوزی لینڈ میں دو 4روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں میں حصہ لینا ہے ۔ پاکستان شاہینز کا پہلا 4روزہ میچ10دسمبر کو کوئنز لینڈ میں ہو گا جبکہ دوسرا مقابلہ 17دسمبر سے شروع ہو گا۔ ذرائع کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 20 رکنی سپورٹ سٹاف کے ساتھ 35رکنی قومی سکواڈ اتوار اور پیر کی درمیانی شب علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے آکلینڈ کیلئے اڑان بھرے گا اور نیوزی لینڈ پہنچ کر بھی کھلاڑیوں کو 14 روز تک قرنطینہ کرنا ہوگا ۔ اس دوران ابتدائی 3 روز تک انہیں بالکل الگ تھلگ رکھا جائے گا جس کے بعد ان کا کوویڈ ٹیسٹ ہوگا جس میں کلیئرنس پر سکواڈ کو مختلف گروپس میں پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18دسمبر کو آکلینڈ، دوسرا مقابلہ20دسمبر کو ہملٹن جبکہ تیسرا اور آخری میچ 22دسمبر کو نیپیئرمیں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ہو گی ۔پہلا میچ 26سے 30دسمبر تک ماؤنٹ مونگا نوئی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2021 تک کرائسٹ چرچ میں شیڈول ہے ۔ بورڈ آفیشل کے مطابق نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد کھلاڑیوں کو مزید کوویڈ ٹیسٹ کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔ دورہ انگلینڈ اور پی ایس ایل میں بھی پلیئرز کے نمونے حاصل کئے گئے تھے لہٰذا وہ عالمی وبا کے باعث موجودہ صورتحال کے عادی ہو چکے ہیں اور انہیں کیوی دیس میں کوئی مسئلہ درپیش نہیں آئے گا کیونکہ دورے پر موجود ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کے بھی چار مرتبہ کوویڈ ٹیسٹ ہو چکے ہیں اور کوویڈحالات میں بائیو سکیور ببل کا حصہ بننے کیلئے بنیادی ضابطوں پر عمل کرنا ضروری ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستانی سکواڈ کا لنکن میں 14روزہ قرنطینہ7دسمبر کو ختم ہو جائے گا جس کے بعد وہ سیر و تفریح کیلئے باہر بھی نکل سکیں گے ۔