ایشین کرکٹ کونسل کی دعوت پر نجم سیٹھی 12 جنوری کو دبئی جائیں گے
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) حکام کی دعوت پر 12 جنوری کو دبئی روانہ ہوں گے۔
کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ نجم سیٹھی کو امارات کرکٹ بورڈ نے دبئی ٹی ٹونٹی ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے جس میں وہ شرکت کریں گے۔
نجم سیٹھی افتتاحی تقریب میں شریک آئی سی سی حکام سے ملاقات کریں گے اور 2025 چیممپئینز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے
علاوہ ازیں نجم سیٹھی اے سی سی حکام سے بھی ملاقات کریں گے جس میں پاکستان میں رواں برس ہونے والے ایشیا کپ کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ کرکٹ بورڈ کے معاملات سنبھالنے کے بعد یہ نجم سیٹھی کا پہلا غیرملکی دورہ ہوگا۔