سری لنکن اوپنر دنشکا گوناتھیلاکا آسٹریلیا میں جنسی حملے کے الزام میں گرفتار
سری لنکا کے دنشکا گوناتھیلاکا کو آسٹریلیا میں جنسی حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنشکا گوناتھیلاکا کوآسٹریلیا کے شہر سڈنی میں واقع ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا۔
آسٹریلیا کی نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے اپنے بیان میں دنشکا کا نام لئے بغیر کہا ہے کہ سڈنی میں گزشتہ ہفتے ایک خاتون پر مبینہ جنسی حملہ کیا گیا تھا، جنسی جرائم کی تحقیقات کرنے والے اسکواڈ نے خاتون کی شکایت پر ایک سری لنکن شہری کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص نے کئی روز سے ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے بات چیت کے بعد خاتون سے اس کے گھر پر ملاقات کی۔ اس دوران گرفتار شخص نے خاتون پر مبینہ جنسی حملے کیے۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار کئے گئے شہری دنشکا گوناتھیلاکا ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے دنشکا گوناتھیلاکا کی گرفتاری اور ان پر عائد الزام سے متعلق آگاہ کیا ہے۔
پولیس نے دنشکا گوناتھیلاکا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے اور اب انہیں پیر کو سڈنی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے بھی دنشکا گوناتھیلاکا کے خلاف تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔