جیکی شروف سمیت سب مجھ سے جلتے ہیں : انیل کپور
بالی وڈ کے سدا بہار اداکار انیل کپور کا کہنا ہے کہ جیکی شروف سمیت انڈسٹری کے باقی اداکار ان سے جلتے ہیں۔ان دنوں 66 سالہ انیل کپور اپنی آنے والی فلم ‘جُگ جُگ جیو’ کی تشہیری مہم میں ساتھی اداکارہ نیتو کپور کے ہمراہ مصروف ہیں۔انیل کپور سے متعلق ساتھی اداکار کئی بار اس بات کا انکشاف کرچکے ہیں کہ وہ کافی خود پسند انسان ہیں اور سیٹ پر کچھ ایسی حرکتیں کرتے ہیں جس سے دیگر اداکار کبھی کبھی تنگ ہوجاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران جب اس بات کا تذکرہ ہوا تو انیل کپور نے شرمندہ ہوتے ہوئے کہا کہ میں ایسی حرکتیں اس لیے کرتا ہوں تاکہ سیٹ پر اچھا ماحول بنا رہے۔تاہم صحافی نے دوران انٹرویو اداکار جیکی شروف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بتایا تھا کہ ایک مرتبہ آپ نے گاڑی کا اے سی بند کردیا تھا تاکہ آپ کو پسینہ آسکے، کیا یہ بات درست ہے؟
جواب میں انیل کپور نے کہا کہ ‘یہ سب بکواس ہے، جیکی سمیت سب مجھ سے جلتے ہیں’۔اس دوران ساتھ بیٹھی نیتو نے حیرانی سے پوچھا کہ ‘پسینے سے کیا ہوتا ہے؟’ جس پر اداکار نے جواب دیا ‘بس ایسے ہی قصے کہانیاں بنادی ہیں، میری باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے’۔
واضح رہے کہ انیل کپور کی نئی فلم ‘جُگ جُگ جیو’ 24 جون کو ریلیز کی جائے گی، فلم میں ورون دھون، کیارا اڈوانی، نیتو کپور اور منیش پول شامل ہیں۔