اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن گوادر میر جواد احمد زہری کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم اعلامیے میں گوادر میں چلنے والی تمام مسافر بسوں کے مالکان کو ہدایت دی گئی
گوادر07 جولائی :۔اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن گوادر میر جواد احمد زہری کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم اعلامیے میں گوادر میں چلنے والی تمام مسافر بسوں کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 7 جولائی سے 14 جولائی 2025 کے دوران اپنی بسوں سے متعلق قانونی و لازمی دستاویزات متعلقہ دفتر میں جمع کروائیں۔ ان دستاویزات میں روٹ پرمٹ، بس فٹنس سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور ڈرائیور کا فٹنس سر ٹیفکیٹ شامل ہیں۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ کے اندر دستاویزات جمع نہ کرانے کی صورت میں متعلقہ بسوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ایسی گاڑیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر گوادر نے مسافر بسوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر سات دن کے اپنے قانونی عمل کو مکمل نہیں کیا تو متعلقہ بسوں کو ضبط کر لیا جائے گا اور مالکان یا ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے مزید ٹرانسپورٹرز کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بسوں کے لیے خوراکی مقاصد کے لیے فیول کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، لہٰذا کوئی بھی مسافر بس خوراکی فیول کے بہانے تیل نہیں اٹھائے گی، اور نہ ہی بسوں میں کوئی غیر قانونی سامان لادا جائے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعض اوقات بس مالکان خوراکی فیول یا سامان لادنے اور اتارنے کے بہانے مسافروں کو 10، 10 گھنٹے تک انتظار کی اذیت میں مبتلا کرتے ہیں، جبکہ ان بسوں میں اکثر بیمار اور بزرگ شہری سفر کر رہے ہوتے ہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ بہت جلد گوادر سے کراچی، کراچی سے گوادر، گوادر سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے گوادر تک تمام روٹس کے لیے مناسب اور منصفانہ کرایہ فکس کیا جائے گا، تاکہ مسافروں کو غیر ضروری ذہنی اور جسمانی تکلیف سے بچایا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر گوادر کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد مسافروں کی سہولت، سفر کی حفاظت اور غیر قانونی ٹرانسپورٹ کے رجحان کی روک تھام ہے، تاکہ گوادر سے سفر کرنے والے شہریوں کو معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

