پنجگور میں بے امنی پیدا کرنے والی قوتوں سے عوام اچھی طرح سے آگاہ ہیں : اسد بلوچ

0

پنجگور : بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و صوبائی وزیر زراعت میر اسداللہ بلوچ نے کہا ہے کہ پنجگور میں بے امنی پیدا کرنے والی قوتوں سے عوام اچھی طرح سے آگاہ ہیں، کالی گاڑیوں میں گھومنے والے مسلح جتھے کن قوتوں کی آشیرباد سے دندناتے پھرتے ہیں، یہ عوام سے مخفی نہیں ہے۔ پنجگور میرا گھر ہے، اس کا امن مجھے عزیز ہے، رہزنوں کے ہاتھوں نوجوانوں کی شہادت ہو یا دیگر واقعات میں جانی نقصانات مجھے نہ صرف متاثرین سے دلی ہمدردی ہے بلکہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بی این پی عوامی پنجگور کے عوام کیخلاف سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ پنجگور میں خوف وہراس کا ماحول پیدا کرکے عوام کو بی این پی عوامی سے دور کردے گا وہ غلط فہمی میں ہے۔

عوام کے حقوق کی جہدوجہد میں نہ کل پیچھے ہٹے تھے اور نہ کسی کو اس بات کی اجازت دینگے کہ وہ عوام کے جان ومال سے کھیلے اور نا حق شہریوں کا خون بہاتا پھرے۔ انہوں نے کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر پنجگور اور ایس پی پولیس کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ بغیر کسی دباﺅ کے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کریک ڈاو¿ن کریں اور مختلف وارداتوں کے دوران شہریوں کے ناحق قتل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹھرے میں لائیں، مزید تاخیر اور عذر ہر گز قابل قبول نہیں ہوگا۔ میر اسداللہ بلوچ نے پنجگور پریس کلب کو ایک خصوصی انٹریو کے دوران مزید کہا کہ پنجگور کا امن ایک منصوبے کے تحت خراب کیا جارہا ہے، جب بھی الیکشن قریب ہوتے ہیں تو پنجگور میں خوف وہراس کا ماحول پیدا کرکے چوری، ڈکیتی، بے امنی کے واقعات کو ہوا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے پیچھے پروردہ لوگوں کا ہاتھ ہے اور یہ پنجگور کا ہرذی شعور شخص اچھی طرح جانتا ہے کہ کالی گاڑیوں میں گھومنے والے مسلح جتھے کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی نے ہمیشہ عوام کے مفادات کی ترجمانی کی ہے ہوسکتا ہے کہ کچھ قوتیں اس بات سے خوش نہیں ہیں، اس لیے پنجگور میں خوف وہراس کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور میں جرائم کی نوعیت پروفیشنل ہے، جن کو حالات خراب کرنے کے لیے اسپنسر کیاگیا ہے۔

میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جاﺅں گا، ایک سال پہلے جب علاقے کے حالات کو ایک منظم منصوبہ بندی کے ذریعے خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو اس وقت میں نے اقتدار کی پرواہ کیئے بغیر اسمبلی فلور پر باربار آواز اٹھائی اور جام حکومت سے اختلافات کی وجہ بھی پنجگور کے حالات بنے۔ میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اقتدار ہماری مجبوری ہے اور عوام پر ہونے والی زیادتیوں پر خاموش رہوں گا وہ غلطی فہمی میں ہے۔ پنجگور کی ترقی کو رول بیک نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں کمشنر مکران، ڈپٹی کمشنر پنجگور، ایس پی پولیس کوسختی سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ پنجگور کے شہریوں کے قاتلوں کا پیچھا کریں اور ان واقعات میں ملوث گروہ اور عناصر کا تعلق جس کسی سے بھی ہو انکو گرفتار کرکے کفیر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی کا ماضی گواہ ہے جب بھی پنجگور کے عوام کو مشکل وقت کا سامنا ہوا تو بی این پی عوامی نے ان کے لیے آواز اٹھائی۔ میر اسداللہ بلوچ نے پنجگور کے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ آپس میں اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کریں، مٹھی بھر جرائم پیشہ افراد کو کفیر کردار تک پہنچا کر دم لوں گا، پولیس لیویز اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرکے جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.