اپر کوہستان پولیس کی کارروائی، کاپر چور گروہ کے 2 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار
خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کی پولیس نے کاپر چور گروہ کے 2 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
شعبہ تعلقات عامہ اپر کوہستان پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد خالد خان کی خصوصی ہدایت پر چوروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ایس ایچ او تھانہ کمیلا جوہر داد شاہ نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راجہ خان کی زیر نگرانی پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ورک سائٹ سے بھاری مالیت کی کاپر کی تار چرانے کی کوشش ناکام بنا دی۔انہوں نے کہا کہ ملزمان ہارون ولد درویش اور احمد شہزاد ولد سیر زہاب سکنان پٹن لوئر کوہستان ورک سائٹ سے کاپر کی تار چرا کر لے جا رہے تھے جن کو رانگو کے مقام پر دوران ناکہ بندی گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ کمیلا میں مقدمات زیر دفعہ 379.147.149 درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔