پیپلز پارٹی بلوچستان کا ولید صالح کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت، انصاف کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ
کوئٹہ، 19 اکتوبر 2025 – پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما حیات خان اچکزئی نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی، رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح بلوچ کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ یہ بہیمانہ اور بزدلانہ قتل نہ صرف مرحوم اور ان کے خاندان کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے بلکہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے کی ایک شرمناک سازش بھی ہے۔ انہوں نے اسے سیاسی کارکنوں اور ان کے خاندانوں پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش قرار دیا، جو صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے مخالف قوتوں کی کارستانی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس قتل کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پیپلز پارٹی بلوچستان نے شہید ولید صالح کے ایصال ثواب اور اہلِ خانہ، خصوصاً رحمت صالح بلوچ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
حیات خان اچکزئی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیشنل پارٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور بلوچستان میں امن، انصاف اور خوشحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
Comments are closed.