امریکی رکن کانگریس الہان عمر آج پاکستان پہنچیں گی

0

امریکی رکن کانگریس الہان عمر آج پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی۔رپورٹس کے مطابق الہان عمر پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملیں گی اور آزاد کشمیر کا دورہ بھی کریں گی۔

ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی الہان عمر امریکی کانگریس کی رکن بننے والی پہلی دو مسلمان خواتین میں سے ایک ہیں۔

الہان عمر کون ہیں؟ 

الہان عمر کے گھر والوں نے صومالیہ کی خانہ جنگی سے بچنے کے لیے 1995 میں امریکا میں سیاسی پناہ حاصل کی تھی، الہان کی عمر اُس وقت 13 سال کی تھی۔

سن 2000 میں جب الہان 17 سال کی ہوئیں تو اُنہیں امریکی شہریت ملی۔ الہان عمر نے پولیٹیکل سائنس اور انٹرنیشنل اسٹڈیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ 2017 میں منی سوٹا سے ایوان نمائندگان کی نشست پر کامیابی حاصل کر کے الہان عمر پہلی صومالی نژاد امریکی رکن پارلیمان بن گئیں۔

وہ حجاب پہننے والی پہلی امریکی کانگریس وومن بھی ہیں۔ امریکا میں انسانی حقوق کے علم برداروں میں سے ہیں، ہر سطح پر اسلامو فوبیا کے خلاف احتجاج کرتی ہیں اور سیاہ فام سمیت تمام اقلیتوں کے خلاف نسلی تعصب ختم کرنے کے لیے آواز بلند کرتی رہتی ہیں۔

 سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعصبانہ بیانات کی پُرزور مخالفت کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف شدید ردعمل دینے پر انہیں دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہوئی۔

تاہم بھارتی میڈیا، اسرائیلی لابی اور صیہونیت کے خلاف بیانات دینے پر الہان عمر کو شدید تنقید اور سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.