وزیراعظم نومبر میں نئے آرمی چیف کا تقرر کریں گے، وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری سے متعلق فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف نومبر میں کریں گے۔
غیر ملکی دوروں کی دعوت
اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سنگھائی تعاون تنظیم کے اہم اجلاس میں شرکت کے دوران چین، روس، ایران اور ترکی کے صدور سے نہایت اہم ملاقاتیں رہیں، چین کے صدر نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم چین کے دورے پر نومبر کے پہلے ہفتے میں جائیں گے، جب کہ روس کے صدر نے بھی دورے کی دعوت دی ہے، تاہم تاریخ فائنل ہو رہی ہے۔
## نواز شریف کو یاد کیا
وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ ازبکستان دورے کے دوران تمام رہنماؤں نے نواز شریف کو یاد کیا اور سلام دیا، چین کے صدر نے کہا کہ امید ہے سی پیک دوبارہ ویسی ہی لگن سے شروع کریں گے۔ چین کے صدر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ہر مشکل سے نکلے۔ روسی صدر سے ملاقات میں بھی پیوٹن نے یوکرین ایشو پر پاکستان کی پوزیشن کو سراہا۔
عمران خان پر تنقید
عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک رٹ لگائی ہے کہ میرا اقتدار واپس دو، اقتدار کا نشہ عمران خان کو ستا رہا ہے، عمران خان اور ان کے وزراء سیلاب میں کہاں نظر آ رہے ہیں؟۔
نئے آرمی چیف کی تقرری
نئے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق خواجہ آصف نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ نومبر میں شہباز شریف آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ کریں گے، جو بھی وزیراعظم ہوگا وہ اس کا فیصلہ کرے گا۔ آرمی چیف کی تقرری کو موضوع نہ بنایا جائے، اس میں عمران کا اہم کردار ہے، یہ موضوع جیسے اب میڈیا کی زینت بنا ہے ماضی میں نہیں بنا، نواز شریف نے 4 بار یہ فرض نبھایا ہے، اس بار شہباز شریف نبھائیں گے۔
سیلاب
سیلاب سے متعلق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد قحط کی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے، سردی آ رہی ہے ، کروڑوں لوگ کھلے آسمان تلے موجود ہیں۔ ملک کو زیادہ استحکام اور متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ سیلاب سے ہماری فصلیں تباہ ہوئی ہیں، جس سے خوراک کا بحران ہوگا۔