حکومت نے لسبیلہ کے زمینداروں کی بجلی پر سبسڈی ختم کردی : اسلم بھوتانی
لسبیلہ : لسبیلہ گوادر سے منتخب رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا ہے کہ لسبیلہ کے زمینداروں کا سب بڑا مسئلہ بجلی کا ہے حکومت پچھلے کئی دہائیوں سے بجلی کی مد میں سبسڈی دیتی آرہی تھی لیکن اب حکومت نے لسبیلہ کے زمینداروں کی بجلی پر سبسڈی ختم کردی ہے جس سے زمینداروں کا نقصان ہورہا ہے ۔یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہاکہ لسبیلہ میں اکثریت زمینداری کے پیشے سے وابسطہ ہے اب ایک زمیندار ڈیڑھ دو لاکھ ماہانہ بجلی کا بل ادا کریگا تو اسکے لیے کچھ نہیں بچتا. انہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں بجلی کے چھوٹے موٹے مسئلے روزانہ ہوتے رہتے ہیں جن کو ہم حل کرتے رہتے ہیں لیکن یہ سبسڈی والا مسئلہ لسبیلہ کے زمینداروں کا اہم مسئلہ ہے لہذا میں حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ لسبیلہ کے زمینداروں کا بجلی پر سبسڈی دوبارہ بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں. انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم پاکستان کا مشکور ہوں جنہوں نے گوادر کے دورہ کے موقع پر گوادر کے ماہیگیروں کے لیے اہم اعلانات کیے اس قبل بھی وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی گوادر کا دورہ کیا میں دونوں مواقوں میں ساتھ تھا. انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں گوادر کی ترقی وہاں کے مقامی لوگوں کی ترقی سے منسلک ہے ہم وزیر اعظم کا شکرگزار ہیں کہ انہوں نے گوادر کے عوام کے لیے اہم اعلانات کیے. محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کی کچھ مجبوریاں ہیں تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں بڑھ رہی ہیں لیکن عوام اس چیز کو نہیں سمجھتی لہذا حکومت سے گزارش ہے کہ وہ متوسط طبقے کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت جو ماہانہ دو ہزار دے رہی ہے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میں اضافہ کرے۔