چینی مزدوروں کے قتل کا الزام، فوج کے 2 کرنلزسمیت 6 افراد کو سزائے موت سنادی گئی
مارچ میں 2 چینی مزدوروں کے قتل کے الزام میں عوامی جمہوریہ کانگو کی ایک فوجی عدالت نے فوج کے 2 کرنلز سمیت 6افراد کو موت کی سزا سنائی ہے۔ ملٹری کورٹ نے 4دیگر فوجی اہلکاروں کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ سزائے موت پانے والوں میں سے ایک کے علاوہ باقی سب فوجی تھے۔
الجزیرہ کے مطابق ان دونوں کرنلز پر مارچ میں ایک قافلے پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے، جس کا مقصد سونے کی 4 سلاخیں اور 6 ہزار ڈالر کی نقدی چوری کرنا تھا ، یہ مال مقتولین کے پاس تھے اور وہ سونے کی کان سے واپس آ رہے تھے۔ اگرچہ کانگو میں سزائے موت باقاعدگی سے دی جاتی ہے لیکن منظم طریقے سے اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔