نیب میں کرپٹ افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا ، سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ نیب میں کرپٹ افسران کوبرداشت نہیں کیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس 2014 سے کیس چل رہا ہے، اب واضح ہونا چاہیے کون فارن فنڈنگ لے رہا ہے، فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی میں نہیں آتے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ صدر نے کہا ہے کہ نیب میں کرپٹ افسران کو برداشت نہیں کیا جائے گا، نیب کے کرپٹ افسران کے ثبوت صدر کو فراہم کرنے کو تیار ہوں، نیب نے ملک کو اربوں نہیں بلکہ کھربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ حکومت نے نیب سے متعلق آرڈیننس جاری کیا، آرڈیننس کے معاملے پر بیٹھ کر اپوزیشن سے بات کی جائے، جو ترامیم کرنی ہیں اپوزیشن سے بیٹھ کر معاملے حل کیا جائے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے مہنگائی کے خلاف شاہراہ دستور پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، شاہراہ دستور پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کریں گے، احتجاج میں شرکت کے لئے دیگر جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، حکومت اور مہنگائی کے خلاف احتجاج کی شروعات اسلام آباد سے کررہے ہیں۔