افغانستان پر ا گلے ہفتے مذاکرات : روس میزبانی کرے گا
ماسکو : ماسکو میں اگلے ہفتے افغانستان کی صورتحال پر مذاکرات ہوں گے جس میں پاکستان، امریکا اور چین شرکت کریں گے ۔ روس مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔ طالبان نے بھی اس میں شرکت کی تصدیق کی ہے ۔ اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے لیے روس کے نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف نے روسی خبر رساں اداروں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس منگل کو منعقد ہوگا اورامریکا، چین ، پاکستان کے عہدیدار ماسکو میں الگ اجلاس کریں گے اور افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر ایک مشترکہ پوزیشن کے لیے مل کر کام کریں گے ۔ ادھررائٹرز نے کہا ہے کہ طالبان کے نمائندوں نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ماسکو میں افغانستان کی صورتحال پر مذاکرات میں شرکت کریں گے ۔ ضمیر کابلوف نے کہا ہے کہ ان کو طالبان کے ساتھ مذاکرات میں کسی بڑی پیشرفت کی توقع نہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک طویل عمل ہے ۔انہوں نے کہا طالبان نے مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کی ہے تاہم ابھی تک اپنے وفد کا اعلان نہیں کیا۔ روسی عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارت کوبھی مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ ماسکو نے مارچ میں افغانستان پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کی تھی جس کے بعد روس، امریکا، چین اور پاکستان نے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا تھا ، اس وقت کے جنگجو افغان فریقوں سے ایک امن معاہدے پر پہنچنے اور تشدد روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔اسکے بعد امریکا نے 20 سال بعد افغانستان سے اپنی افواج کا انخلا شروع کیا۔ رواں ہفتے کے آغاز میں صدر پیوٹن نے خبردار کیا تھا کہ عراق اور شام سے داعش کے عسکریت پسند افغانستان آرہے ہیں۔ روسی صدر نے کہا کہ ‘ہماری اطلاعات کے مطابق صرف شمالی افغانستان میں داعش کے ارکان کی تعداد تقریباً دو ہزار ہے ۔