بلوچستان کا 620 ارب روپے سے زائد تخمینہ کا بجٹ ، اجلاس 20 جون کو طلب
کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ تبدیل۔ بجٹ اجلاس اب 20 جون کو ہوگا۔ بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق قائمقا م گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے بلوچستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس کی تاریخ پر نظرثانی کرتے ہوئے اجلاس 17جون کے بجائے 20جون کو طلب کرلیا ہے۔ بلوچستان کے آئندہ مالی سال 2022-23ءکا بجٹ اب 20جون بروز سموار شام چار بجے اسمبلی ہال میں منعقد ہوگا۔ اس سے قبل اجلاس 17جون بروز جمعہ طلب کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں ہے تاہم اسے تاحال حتمی شکل نہیں دی جاسکی ہے جس پر اجلاس تین روز کے لئے آگے بڑھانا پڑ گیا ہے۔بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے لئے 620ارب روپے سے زائد کا بجٹ ہوگا جس میں سو ارب روپے تک کا خسارہ متوقع ہے۔