بلوچستان کے نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں :سردار بابا غلام رسول خان عمرانی

27

کوئٹہ: صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور، سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ صوبائی حکومت کا ویژن ہے کہ ہر نوجوان کو معیاری تربیت دے کر اسے خود انحصار بنایا جائے۔ عالمی یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور، سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ نوجوانوں کی مہارتیں ہمارے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی ترقی ہی ہمارے معاشرتی اور اقتصادی مستقبل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تیز تر بدلتی ہوئی دنیا میں کامیاب ہونے کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا صوبائی حکومت کی ترجیح ہے۔ چیف منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ اور اوور سیز ایمپلائمنٹ پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت صوبے کے 30 ہزار ہنر مند نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے یہ عمل نہ صرف بلوچستان کے نوجوانوں کو بہتر روزگار کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ ملکی ذرمبادلہ میں اضافے کا سبب بھی بنے گا۔اسکے علاوہ بی ٹیوٹا، ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز اور پولی ٹیکنیک کالجز جیسے کئی ادارے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں صوبے کے نوجوان ان اداروں سے ضرور فائدہ اٹھائیں کیونکہ ہنر ہیدورِ جدید میں کامیابی کی کنجی ہے۔

Comments are closed.