بلوچستان میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں : سید احسان شاہ
کوئٹہ : صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں صوبائی حکومت اور محکمہ صحت ڈبلیو ایچ او سمیت دیگر پارٹنرز کا صحت کی سہولیات کی فراہمی میں تعاون کرنے پر شکر گزار ہے ٹی بی کنٹرول پروگرام کیلئے موٹرسائیکلیں اور ای پی آئی کیلئے ایمبولینسز اور کولڈ چین ٹرک دینے سے دور دراز علاقوں میں سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔۔یہ بات انہوں نے ای پی آئی سینٹر کوئٹہ میں ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان کیلئے ایمبولینسز، کولڈ چین ٹرک،موٹرسائیکلیں دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہیلہ (Dr Pilltha Mahipala)،سیکرٹری صحت بلوچستان صالح محمد ناصر، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نورمحمدقاضی،ٹی بی کنٹرول پروگرام کے صوبائی منیجر ڈاکٹر آصف شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ڈپٹی منیجر ڈاکٹر خرم ہادی، ڈاکٹر سمیع کاکڑ، ای پی آئی کے پروانشل کواردی نیٹر ڈاکٹر اختر بلیدی،ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹراسفندیار شیرانی،ڈپٹی منیجر ڈاکٹر عامر رئیسانی،ڈاکٹراحمد ولی بھی موجود تھے۔۔ صوبائی وزیر صحت سیدا حسان شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کو صحت کی معیاری اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے بلوچستان کے تمام ڈسٹرکٹ میں صحت کی سہولیات ترجیحات میں شامل ہیں جس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت ڈبلیو ایچ او اور دیگر غیر ملکی پارٹنرز کی جانب سے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہی میں محکمہ صحت بلوچستان کی معاونت اور تعاون کرنے پر شکر گزار ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تمام وارٹیکل پروگراموں کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پالیتھا ماہیلہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران نئے چیلنجز کا سامنا رہا روایتی طبی سروسز سے ہٹ کر از سر نو حکمت عملی مرتب کی گئی اور محکمہ صحت بلوچستان نے کوویڈ کی وباء کو کنٹرول کرنے کے لیے موثر اقدامات کئے جو قابل تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے دوردراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹی بی کنٹرول پروگرام کیلئے بلوچستان مختلف ڈسٹرکٹ کیلئے34موٹرسائیکلیں اور ای پی آئی کیلئے 6ایمبولینسز، 2کولڈ چین ٹرکفراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او بلوچستان کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر نے کہا کہ طبی سہولیات کے معیار اور دائرہ کار کو عام آدمی کی دسترس تک لایا جائے گاموثر اصلاحات کے ذریعے بہتر طبی سروسز کی فراہمی کا عمل عام آدمی کو محسوس ہوگا۔ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نورمحمدقاضی نے کہا کہ وزیر صحت بلوچستان سید احسان شاہ اور سیکرٹری صحت صالح محمد ناصر کی ہدایت پر صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان کے منیجر ڈاکٹرآصف شاہوانی نے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام بلوچستان صوبے بھر میں ٹی بی کے مریضوں کی تشخیص اور انہیں مفت علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام نے 11656کے قریب مریضوں میں ٹی بی کی تشخیص کرکے انہیں معالج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ رواں سال 2022ء میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ،سیکرٹری صحت صالح محمدناصر،ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر نورقاضی کی ہدایت کی روشنی میں ایک نئے عزم کے ساتھ ٹی بی کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کو ٹی بی کی بیماری سے پاک کیا جائے۔ڈاکٹر آصف شاہوانی نے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے ٹی بی کنٹرول پرگرام کیلئے موٹرسائیکلیں اور ای پی آئی کیلئے ایمبولینسز اور کولڈ چین ٹرک کی فراہمی پر ڈبلیو ایچ او کے تعاون کا شکریہ اد اکرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ڈبلیو ایچ او آئندہ بھی یہ تعاون جاری رکھے گا۔