غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کررہے ہیں، حنا ربانی کھر
وزیرمملکت حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، دوسرے ممالک کب تک افغانیوں کو یہاں لاتے رہیں گے؟ کیوں نہ افغانستان کو کسی لائق بنا کر کے انہیں وہیں رہنے دیا جائے۔
یورپی یونین کمشنر برائے مہاجرین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر مملکت حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے والوں کے لئے مختلف شعبوں میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت برائے امور نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون موجود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کررہے ہیں۔
حنا ربانی کھر پاکستان یورپی یونین شراکت داری کےحوالے سے کہا ہماری توقعات بھی ہیں اور کچھ تحفظات بھی، جانتے ہیں یورپی ممالک میں آئی ٹی ایکسپرٹس اور پروفیشنلز کی ضرورت ہے، ہم اپنی لیبر فورس کی صلاحیتیں بڑھا کر دونوں فریقین کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں ، پاکستان یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں بھی بہتری چاہتا ہے۔
اس موقع پر یورپی یونین کمشنر جوہانسن کا کہنا تھا پاکستان میں قانونی اور غیرقانونی افغان مہاجرین کا فرق کرنا ضروری ہے ، لڑکیوں کی تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے ، اس حوالے سے افغانستان کی موجودہ پالیسی غلط ہے۔