اداکارہ ثنا فاطمہ شیخ نے مرگی کے مرض پر کیسے قابو پایا؟
بالی ووڈ اداکارہ ثنا فاطمہ شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مرگی کی بیماری ہے۔
فلم دنگل سے اپنی الگ پہچان بنانے والی اداکارہ فاطمہ ثنا شیخ ایک بیماری سے لڑ رہی ہیں۔ جس کا انکشاف انہوں نے خود سوشل میڈیا پر کیا۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بات کرتے ہوئے اپنی زندگی سے جڑی کئی چیزوں کے بارے میں بات کی۔ اسی دوران انہوں نے مرگی کے ساتھ جدوجہد کی کہانی سنائی۔ مداحوں نے ان سے اس بیماری سے متعلق بہت سے سوالات کیے، جن کا ثنا فاطمہ نے ایک ایک کرکے جواب دیا۔
جب ایک مداح نے پوچھا کہ کیا مرگی نے کبھی ان کے کام کو متاثر کیا ہے تو ثنا فاطمہ نے جواب دیا کہ اس بیماری نے مجھے مزید کام کرنے کا عزم ملا کیونکہ اس سے مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ اس نے میرے کام کے شوق کو متاثر نہیں کیا ۔
بیماری کا کب پتہ چلا؟
ثنا فاطمہ سے ان کے ایک فالوور نے پوچھا کہ انہیں اس بیماری کے بارے میں کب معلوم ہوا؟
ثنا فاطمہ نے جواب دیا کہ فلم دنگل کی ٹریننگ کے دوران مجھے پہلی بار اس بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔ میں سیٹ پر بے ہوش ہو گئی، جب میں بیدار ہوئی تو اسپتال میں تھی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ میرے لیے یہ ماننا مشکل تھا کہ میں مرگی جیسی بیماری میں مبتلا ہوں لیکن آہستہ آہستہ میں نے اس کے ساتھ رہنا سیکھ لیا ہے، اب میں ورزش اور ادویات کی مدد سے اس مرض کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔
مریض کو جوتا سونگھانا کیسا ہے؟
اداکارہ سے ایک مداح نے پوچھا کہ کیا یہ درست ہے کہ مرگی کے مریض کو جوتے سونگھنے سے وہ ٹھیک ہو جاتی ہے؟
جواب میں فاطمہ نے لکھا کہ ایسا مت کرو یہ محض ایک ٹوٹکا ہے، لوگوں نے میرے ساتھ بھی ایسا کیا ہے۔
مرگی کے مریض کو ورزش کرنی چاہیے؟
جب ایک مداح نے پوچھا کہ بچپن سے مرگی کے مرض میں مبتلا شخص کو ورزش کرنی چاہیے یا نہیں؟
فاطمہ نے جواب دیا کہ میں ورزش کرتی ہوں، مرگی کے دورے پڑتے رہتے ہیں لیکن اگر آپ چاہیں تو ڈاکٹر کی مدد لے سکتے ہیں۔