برکینا فاسو میں مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ؛ 33 افراد ہلاک
اواگادوگو: افریقی ملک برکینا فاسو میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کے حملے میں 33 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برکینا فاسو میں مسلح افراد نے ایک دیہات پر دھاوا بول کر کئی گھروں کو اور املاک کو نذر آتش کردیا اور جان بچا کر بھاگنے کی کوشش کرنے والی دیہاتیوں پر گولیاں برسادیں۔
حملے میں کم سے کم 33 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 100 کے قریب زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حملہ آور جاتے ہوئے قیمتی اشیا بھی ساتھ لے گئے۔
شورش زدہ افریقی ملک برکینا فاسو میں گزشتہ برس دو بار فوجی بغاوتیں ہوئیں اور موجودہ عبوری حکومت کے صدر کیپٹن ابراہیم ترور نے القاعدہ اور داعش کے زیر تسلط ملک کے 40 فیصد علاقے کا قبضہ واگزار کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ برس سے شروع ہونے والی انارکی میں 10 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور 20 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ 2015 سے برکینا فاسو کو شدت پسند تنظیموں کی کارروائی کا سامنا بھی رہا ہے۔