خواتین کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے : وزیراعلیٰ عثمان بزدار

0

لاہور: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، صنفی امتیاز کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی و معاشی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے خواتین اراکین صوبائی اسمبلی سمیرا احمد اور سعدیہ سہیل نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں، ماضی میں لاہور میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت نے لاہور کے شہریوں کی ترجیحات کو پس پشت ڈال کر ذاتی پسند کے منصوبوں کو ترجیح دی، ہماری حکومت آلودگی پر قابو پانے کیلئے لاہور میں 52 میاواکی اربن فارسٹ لگا رہی ہے، شاہدرہ میں ٹربو راؤنڈ اباؤٹ بنا کر ٹریفک کا مسئلہ حل کریں گے، لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں، ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام عمل لایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو بھی اہمیت دیں گے، کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا، نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے۔

سمیرا احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتہائی محنت کے ساتھ صوبے کو آگے لے کر جا رہے ہیں، آپ اراکین اسمبلی کو عزت دیتے ہیں اور ان کے مسائل حل کرتے ہیں۔ سعدیہ سہیل کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ پنجاب میں آپ جیسا وزیراعلیٰ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.