کورونا سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، سب کو مل کر اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے محنت کرناہے: صدر مملکت
گلگت : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، سب کو مل کر اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے محنت کرناہے، گلگت بلتستان کے عوام کے ہر دکھ میں ساتھ ہیں اور حکومت کی جانب سے ہر طرح کی مالی و دیگر امداد جاری ہے۔ اتوار کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوث نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر معاونین خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا، عثمان ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی ہمراہ تھے۔ صدر مملکت اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء سے مل کر نمٹنا ہے اور لاک ڈائون کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، این ڈی ایم اے کی جانب سے گلگت بلتستان کیلئے 15ہزار ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی گئی ہیں جبکہ ضرورت کے مطابق مزید حفاظتی سامان کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد کریں۔