کورونا وبا سے متاثر دنیا میں جلد دوبارہ خوش حالی آئے گی،پوپ فرانسس
ویٹی کن سٹی: پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے متاثر دنیا میں جلد دوبارہ خوش حالی آئے گی۔ اتوار کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر لاک ڈاؤن کے باعث دنیا بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار سادگی سے منا یا ۔ویٹی کن سٹی میں ایسٹر کی تقریب کے موقع پر پوپ فرانسس نے شرکت کی جب کہ کورونا وبا کے پیش نظر تقریب میں عوام کو مدعو نہیں کیاگیا تھا۔ ویٹی کن سٹی میں کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز میں خصوصی سروس سے خطاب کیا اور کہا کہ کورونا وبا سے متاثر دنیا میں جلد دوبارہ خوش حالی آئے گی۔ کیتھولک مسیحیوں کی بڑی تعداد نے پاپ فرانسس کا یہ خطاب ویڈیولنک کے ذریعے دیکھا اور سنا جب کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ویٹی کن سے ایسٹر تقریب کی لائیو اسٹریمنگ کی گئی ہو۔دوسری جانب عالمگیر وبا کورونا وائرس کی وجہ سے ایسٹر کی سروسز گھروں میں کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔