صدارتی آرڈیننس ردی کا ٹکڑا بن گیا توخفیہ کیمروں والے مستری لے آئے، مریم نواز
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز کا کہنا ہے کہ صدارتی آرڈینینس ردی کا ٹکڑا بن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نوازنے کہا کہ عادی، سند یافتہ ووٹ چور ہر بار ووٹ چوری کا نیا طریقہ ڈھونڈ کر لاتا ہے مگر رنگے ہاتھوں پکڑا جاتا ہے، مگراب حالت اتنی خراب ہوچکی ہے کہ ایجنسیوں سے فون کروا کر، گن پوائنٹ پرووٹ لینے سے بھی بات نہیں بنی اور کیمرے لگا کر اپنے ہی ارکان کی جاسوسی کرنی پڑ گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکرہے خفیہ کیمروں کا نہیں، سپریم کورٹ سے منہ کی کھائی، آئینی ترمیم میں ناکام رہے، صدارتی آرڈیننس ردی کا ٹکڑابن گیا تو خفیہ کیمروں والے مستری لے آئے۔ ووٹ چورو شرم کرو اور کرسی چھوڑو۔
مریم نوازنے کہا کہ پارلیمنٹ اوراپوزیشن کے ووٹ چوروں کو این آر او دینے سے انکار کے بعد، الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے کندھے پر رکھ کر بندوق چلانے میں ناکامی کے بعد خفیہ کیمروں کے ذریعے آئین کی توہین ایک سنگین جرم ہے، سیلیکٹرز بھی سوچتے ہوں گے کیا مصیبت گلے پڑگئی! نا اُگلے بن رہی ہے نا نگلے بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے اہم اجلاس کے دوران ایوان کے اندرخفیہ کیمروں کی تنصیب کا انکشاف ہوا ہے۔