کوئٹہ سڑکوں کی تعمیر و توسیع میں آنیوالی مساجد کے حوالے سے شرعی جائزہ لیاجائیگا ، وزیراعلیٰ بلوچستان

0

کوئٹہ :  وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ پیکج میں شامل سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں میں آنے والی مساجد کے حوالے سے شرعی اور قانونی امور کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا یہ ایک حساس معاملہ ہے جس کو علماء کرام کی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء کرام کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔و فد میں مفتی روزی خان، مولانا حسین احمد شرودی، اراکین صوبائی اسمبلی اصغر خان ترین اور زابدریکی بھی شامل تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو کوئٹہ پیکج میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبوں میں آنے والی مساجدکو قائم رکھنے،شہرکے قبرستانوں کی اراضی پر تجاوزات اور نئے قبرستانوں کیلئے اراضی کی فراہمی سے متعلق ضروریات سے آگاہ کیا۔ کوئٹہ پیکج کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ کو سریاب روڈ کی تعمیر و توسیع کے منصوبے میں آنے والی مساجد کی تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویڑن کی سربراہی میں انتظامیہ اور علماء کرام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان تمام امور اور اس حوالے سے جاری ہونے والے فتووں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں باہمی مشاورت سے مساجد کے قیام کے حوالے سے متفقہ فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حقوق العباد کی ادائیگی کا حکم بھی دیا ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ مساجد بھی قائم رہیں اور عوام کو اچھی سڑکوں کی صورت میں سہولت بھی فراہم کی جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر کوئٹہ کو قبرستانوں کی اراضی پر قائم تجاوزات کو فوری طور پر ختم کرنے اور شہر کے گردونواح میں نئے قبرستانوں کیلئے اراضی کی فراہمی کی ہدایت کی۔ وفد کی جانب سے شہر میں گیس کی عدم دستیابی کے مسئلہ کی نشاندہی کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے وفاقی حکومت کے ساتھ یہ مسئلہ پوری شدت سے اٹھایا ہے اور اس مسئلہ کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھی اٹھایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں پانی کی کمی کو دور کرنے کیلئے بھی واسا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں اس ضمن میں جلد اجلاس بھی منعقد کیا جارہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.