جس سے ریلوے نہیں چلی اس کو وزارت داخلہ دے دی گئی: شاہد خاقان عباسی
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس سے ریلوے نہیں چلی اس کو وزارت داخلہ دے دی گئی، جس سے وزارت داخلہ نہیں چلی اسے نارکوٹکس کی وزارت دے دی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کابینہ کا خاصہ ہے ہر وزیر اپنے کام کے علاوہ سب جانتا ہے، ڈنڈا چلانے میں ہم بھی تھوڑی مہارت رکھتے ہیں، پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ ضرور ہوگا، سیکڑوں مقدمات درج کریں، کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ ملک آپ کی نالائقی اور کرپشن برداشت نہیں کرسکتا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے عوام سب دیکھ رہے ہیں، ایسی حکومت ہے جسے سمجھ نہیں آتی، حکومت کو بات سمجھ آجائے تو عمل کرنا نہیں آتا، حکومت کو ہر ماہ ایل این جی کے 12 شپ کا بندوبست کرنا چاہیئے، کہا جا رہا تھا ایل این جی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، تاخیر سے 9 شپ خریدنے پر پاکستان کو 15 ارب کا نقصان ہوا، جنوری میں 3 شپ نہ آنے سے پاکستان میں گیس کی کمی ہوگی، پاکستان کو سیکڑوں ارب کا نقصان ہوچکا، مزید بھی ہوگا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ن لیگ کے کنٹریکٹ سے 3 فیصد زائد قیمت پر ایل این جی شپ لیے جائیں گے، ہمیں آئل پر بجلی بنانا پڑے گی، یہ ملک آپ کی نالائقی اور کرپشن برداشت نہیں کرسکتا، آپ نے 70 فیصد مہنگی ایل این جی خریدی یا نہیں، جواب دے دیں۔