ملک بھر کے تعلیمی ادارے سو فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئے
لاہور : کورونا وبا کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے سو فیصد حاضری کے ساتھ کھل گئے، 12 سال اور زائد عمر کے طلبا کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گزشتہ ماہ سولہ ستمبر سے تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا اعلان کیا تھا اور روزانہ کی بنیاد پر این سی او سی میں بیماری کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد مزید فیصلوں کا کہا تھا۔ اب آج سے سو فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز کا آغاز ہوگیا۔
ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 28 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار 134 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 58 ہزار 959 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 4 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 36 ہزار 197، سندھ میں 4 لاکھ 62 ہزار 859، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 75 ہزار 974، بلوچستان میں 33 ہزار 76، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 350، اسلام آباد میں ایک لاکھ 6 ہزار 153 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 350 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 99 لاکھ 11 ہزار 21 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 389 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 11 لاکھ 88 ہزار 562 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 473 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 28 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 28 ہزار 134 ہوگئی۔ پنجاب میں 12 ہزار 785، سندھ میں 7 ہزار 497، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 645، اسلام آباد میں 932، بلوچستان میں 350، گلگت بلتستان میں 186 اور آزاد کشمیر میں 739 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔