فیصل واوڈا کی خالی کردہ قومی اسمبلی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی جانب سے استعفیٰ دیئے جانے کے بعد قومی اسمبلی کی نشست این اے 249 پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق این اے 249 پر ضمنی انتخاب میں شرکت کے لئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 13 مارچ سے 17 مارچ تک جمع کرا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 مارچ تک کی جائے گی، امیدوار ریٹرننگ افسر کی فیصلوں کے خلاف 29 مارچ تک ایپلٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کر سکیں گے۔
این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست 6 اپریل کو جاری کی جائے گی، دستبردار ہونے والے امیدوار 7 اپریل تک کاغذات واپس لے سکیں گے، این اے 249 کے امیدواروں کو 8 اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جب کہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب 29 اپریل کو ہو گا۔
واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے 3 مارچ کو نااہلی سے تعلق درخواست کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفے کی نقل پیش کی تھی، 3 مارچ کو ہی وہ سینیٹ کا انتخاب بھی جیتے جس کا نوٹی فکیشن گزشتہ روز جاری ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اس نشست پر سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔