فردوس عاشق نے قادر مندو خیل کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر خان مندوخیل کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔
اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ انہوں نے وکلاء سے مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور گھٹیا رویہ اختیار کرنے کا راستہ روکا جائے۔ قانونی نوٹس جلد انہیں موصول ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران فردوس عاشق اور قادر مندوخیل میں بحث اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ دونوں باہم دست و گریباں ہوگئے ۔ اس دوران فردوس عاشق اعوان نے قادر مندو خیل کو تھپڑ مار دیا تھا۔
بعد ازاں فردوس عاشق اعوان نے ایک ویڈیو پیغام میں وضاحت کی تھی کہ قادر مندوخیل نے پروگرام کے دوران انہیں اور ان کے والد کو گالیاں دیں جس کے باعث وہ طیش میں آئیں۔