پنجاب حکومت کے گھر پر آئسولیشن کیلئے ایس او پیز تیار، مناسب وقت پر نفاذ کا عندیہ

0

لاہور:  پنجاب حکومت نے گھر پر آئسولیشن کیلئے ایس او پیز تیار کرلئے، مناسب وقت پر نفاذ کا عندیہ دے دیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ چینی ڈاکٹرز نے فی الحال ہسپتال میں ہی مریضوں کے علاج کا مشورہ دیا ہے،کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کالا شاہ کاکو جی سی یونیورسٹی کیمپس میں قائم کورونا وائرس فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نئے قائم کئے گئے 200 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لیا، وی سی جی سی یونیورسٹی اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ نے صوبائی وزیر کو فیلڈ ہسپتال میں مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کالاشاہ کاکو کورونا وائرس فیلڈ ہسپتال میں بیک وقت کورونا وائرس کے 200 کنفرم مریضوں کو علاج کی طبی سہولت مہیا ہونگی، کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا لاک ڈاون بڑھانے کا فیصلہ 14 اپریل کے بعد کیا جائیگا، عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں، جنوبی پنجاب کی نسبت شمالی پنجاب کی جانب کورونا وائرس کے کیسز زیادہ تعداد میں سامنے آ رہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا حکومت کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں بھی فوڈ سپلائی جاری رکھے ہوئے ہے، پنجاب بھر میں 40 سے زائد کورونا وائرس کے کنفرم مریض صحتیاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور جہلم میں کورونا وائرس کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے، حکومت کورونا وائرس سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، مئیو ہسپتال میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.