کالعدم ٹی ٹی پی نے خود کو مستحکم کرلیا، نیکٹا

0

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے تصدیق کی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں خود کو مستحکم کرلیا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے مذاکرات کے وقفے سے فائدہ اٹھا کر سوات میں قدم جمالئے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی ’نیکٹا‘ کی جانب سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) مالاکنڈ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امریکی انخلاء اور امن مذاکرات کے باعث طالبان دوبارہ سوات میں متحرک ہوئے، ان علاقوں میں 200 سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کئے گئے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر 77 آپریشنز میں کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امن مذاکرات کے وقفے میں کالعدم ٹی ٹی پی نے خود کو مستحکم کیا، سوات میں ڈیرے ڈالے، نتیجے میں آگے چل کر دہشتگردی بڑھ گئی۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے میں عوام نے طالبان کا خیرمقدم نہیں کیا، ان لوگوں کو ادارہ جاتی میکنزم سے تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔

سینیٹ کمیٹی داخلہ نے کالعدم تحریک طالبان سے متعلق ان کیمرہ اجلاس طلب کرتے ہوئے نیکٹا کو آئندہ اجلاس میں بریفنگ کی ہدایت کردی اور کہا کہ طالبان سے متعلق پیدا ہونیوالی صورتحال انتہائی حساس ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.