الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت آج کریگا
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو کے معاملے پر یوسف رضا گیلانی کی نااہلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت آج کیلئے مقرر کر دی۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے علی گیلانی کے حوالے سے ویڈیو سکینڈل پر سماعت 11 مارچ کو مقرر کی تھی تاہم پاکستان تحریک انصاف نے جلدی سماعت کی درخواست دی، جسے الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے درخواست آج سماعت کے لئے مقرر کر دی۔
فرخ حبیب، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے جلد سماعت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہیں، چیئرمین سینیٹ کا انتخاب 12 مارچ کو شیڈول ہے، مناسب ہوگا وقت ضائع کیے بغیر کیس کی فوری سماعت کی جائے۔ پہلی بار ہوا کہ چیئرمین سینیٹ کا امیدوار انتخابی بدعنوانی کا مرتکب قرار پایا گیا۔
اس حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب اور ملیکہ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سینیٹ انتخابات میں وہ بات سچ ثابت ہوئی جو وزیر اعظم نے کہی، علی حیدر گیلانی کی ویڈیو 2 مارچ کو آئی، اب چھ روز گزر گئے، 12 مارچ کے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل فیصلہ ہونا ضروری ہے، الیکشن کمیشن میں ہماری 2 درخواستیں موجود ہیں، الیکشن کمیشن کے پاس تمام اختیارات موجود ہیں درخواست پر فوری سماعت کی جائے۔