پاکستان بھرمیں یوم بحریہ روایتی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

0

ملک بھر میں ( Pakistan Navy ) یوم بحریہ آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

سال 1965 ء کی جنگ میں بھارت کے خلاف پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال 8 ستمبر کو یوم بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں ایک طرف پاکستان کی بری اور فضائی افواج دشمن پر اپنی بالادستی تسلیم کرارہی تھیں ،تو دوسری طرف پاک بحریہ بھی کسی سے پیچھے نہیں تھی۔ بری اور فضائی افواج کے مقابلے میں دونوں ملکوں کی بحریہ کا تناسب اور بھی خراب تھا۔

اس وقت بھارت ہماری بری اور فضائی افواج کے مقابلے میں آٹھ سے دس گنا زائد طاقت کا حامل تھا تو بحری افواج میں یہ تناسب اس سے بھی زیادہ تھا، لیکن اس کے باوجود پاک بحریہ نے بھی اس جنگ میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔

بھارتی بحریہ ( Indian Navy ) انیس سو پینسٹھ میں بھی طیارہ بردار جہاز ( Aircraft Carrier ) سے لیس تھی ،جس کا نام وکرنت تھا۔ بھارت کے بڑے بحری بیڑے کے مقابلے میں پاک بحریہ کے پاس گنے چنے جہاز تھے اور صرف ایک آبدوز غازی تھی۔

لیکن اپنے نام کی طرح اس آبدوز نے اس جنگ میں غازی رہ کر وہ کارنامہ انجام دیا کہ دنیا آج بھی اس پر حیران ہے۔ سال1965ء کی جنگ میں “آپریشن دوارکا” میں پاکستان نیوی نے دشمن پر ایسی دھاک بٹھائی، جس کے ذکر سے آج بھی ان پر لرزہ طاری ہوتا ہے۔

انیس سو پینسٹھ میں پاک بحریہ نے چھوٹے حجم کے باوجود اپنی حدود سے سو ناٹیکل میل دور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دشمن کے جدید ترین ریڈار سسٹم کو تباہ کر دیا تھا اور بھارتی فریگیٹ کوکری کو ممبئی ہاربر پر میزائل داغ کر تباہ کر دیا تھا۔اس آپریشن کو سومنات پر اٹھارواں حملہ بھی کہا جاتا ہے۔

پاکستان کی جانب سے پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، شاہ جہاں، عالم گیر، ٹیپو سلطان اور غازی نے حصہ لیا اور بھارتی گجرات کے ساحلوں پر سبز ہلالی پرچم کی برتری ثابت کر دی۔

پاک بحریہ آج ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ طاقت ور، جدید سازو سامان، میزائل اور دفاعی نظام سے لیس دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے جس کی دہشت دشمن کے دلوں میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ۔ ایسی ہیبت جو دشمنوں کو مادر وطن کی جانب سے میلی آنکھ اٹھانے کا تصور بھی کرنے سے روکے ہوئے ہے۔

یوم پاکستان بحریہ کے موقع پر امیر البحر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 8 ستمبرکا دن پاکستان نیوی کی تاریخ میں سنہرے باب کے طور پر رقم ہے، یہ دن پاک بحریہ کے سرفروشوں کی لازوال قربانیوں اور جذبوں کی یاد دلاتا ہے۔

اپنے پیغام میں ایڈمرل امجد نیازی نے یہ بھی کہا کہ پاک بحریہ نے ستمبر کی جنگ میں آپریشن سومنات میں بھارت کا ریڈار اسٹیشن تباہ کیا اور دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔ پاکستان نیوی خطے میں مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.