بیوٹمز سٹی کیمپس کو خلاف ضابطہ کرایہ پر دینے کا معاہدہ قبول نہیں، اسٹاف ایسوسی ایشن
کوئٹہ (این این آئی) بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں بیوٹمز کے سٹی کیمپس کو قوانین کے بر خلاف بلوچستان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کو کرائے پر دینے کے معاہدے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ کے کسی بھی غیر قانونی اقدام کی بھر پور مزاحمت کی جائے گی ، گورنر بلوچستان ،وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام صورتحال کا نوٹس لیکر غیر قانونی معاہدے کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائیں ۔یہاں جاری کردہ ایک بیان میں بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر نعمان خان سمیت دیگر عہدیداروں نے کہا کہ بیوٹمز انتظامیہ نے کچھ عرصہ قبل سٹی کیمپس کو فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے اس لیے خالی کروایا تھاکہ تاکہ سٹی کیمپس میں بیوٹمز سکول شروع کیا جاسکے اس سلسلے میں تین مہینوں کیلئے ایک خاتون کو کنسلٹیشن پر بھی رکھا گیا تھا لیکن اس کے بعد اس پر کوئی کام نہیں ہوااس کے برعکس اب انتظامیہ عجلت میں سٹی کیمپس کو بلوچستان یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز کرائے پر دینے جارہی ہے جو کے قانون کی صریحا خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمز کی سینیٹ کے قائدہ2 بی کے مطابق بیوٹمز کے تمام اثاثوں کا مکمل اختیار بیوٹمز کے سینیٹ کے پاس ہے لیکن یہ معاملہ سینیٹ میں نہیں لایا گیاجبکہ بیوٹمز کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ کے چارج لینے سے قبل ہی عجلت میں یہ فیصلہ کیا جارہا ہے جس سے بدنیتی صاف واضح ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بار کونسل نے بیوٹمز لا ڈیپارٹمنٹ کیلئے اجازت صرف اس شرط پر دی کہ سٹی کیمپس میں صرف لا ڈیپارٹمنٹ ہوگا اب ایک دم سے قوائد و ضوابط کے برخلاف یہ غیر قانونی معاہدہ کیوں کیا جارہا ہے؟ ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بیوٹمز سٹاف ایسوسی ایشن ادارے اور ملازمین کے بہتر مفاد کیلئے ہر حد تک جائے گی ہم ادارے کو ملنے والی آمدنی کے خلاف نہیں بلکہ ہمارا موقف یہ کہ اگر سٹی کیمپس کو کرائے پر دینا ہے تو قوائد و ضوابط کی مکمل پاسداری کی جائے۔ بیوٹمز سٹاف ایسوسی ایشن انتظامیہ سے یہ مطالبہ کرتی ہے کہ اس طرح کے کسی بھی بے ضابطہ اور غیر قانونی معاہدوں سے اجتناب کیا جائے، بلکہ اس سارے معاملے کو سینڈیکیٹ اور سینیٹ کے توسط سے حل کیا جائے تاکہ مستقبل میں مدت کرایہ ختم ہونے پر سٹی کیمپس واپس بیوٹمز کے حوالے ہو سکے بیان میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ سٹی کیمپس میں بیوٹمز سکول کا جو وعدہ کیا گیا تھا وہ وفا کیا جائے۔