خیبرپختونخوا میں پاکستان سٹیزن پورٹل کی فعالیت میں اضافہ، عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن

2

پشاور، 8 جنوری 2026:

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی اصلاحات اور فعالیت میں اضافہ کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے پورٹل کی براہ راست ذاتی نگرانی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام شہری، بشمول سمندر پار پاکستانی، بلا جھجک اپنے مسائل رجسٹر کرائیں، اور ان کا بروقت اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے بتایا کہ نئی اصلاحات کے تحت دور دراز علاقوں اور انٹرنیٹ تک رسائی نہ رکھنے والے شہری بھی دستی طور پر شکایات درج کرا سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے صوبے کے 2354 ڈیش بورڈز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شکایت میں تاخیر ناقابل قبول ہوگی اور ذمہ داران جوابدہ ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای گورننس کے تحت تمام متعلقہ ایپس کو پاکستان سٹیزن پورٹل میں یکجا کیا جائے گا تاکہ عوام کو آسان اور یکساں رسائی حاصل ہو۔ آن لائن کھلی کچہریوں کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے، اور دیگر محکمے بھی یہ عمل یقینی بنائیں گے۔
بریفنگ کے مطابق صوبے میں پورٹل کے تحت ساڑھے سات لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہیں، اور شہریوں کا اطمینان 54 فیصد ہے جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔ جاری اصلاحات کے ذریعے مجموعی کارکردگی اور عوامی اطمینان میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

Comments are closed.