کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر غائب سردی سے لوگ ٹھٹھر گئے
کوئٹہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر غائب سردی سے لوگ ٹھٹھر گئے، نیچاری روڈ، پیر محمد خان روڈ، غلزئی روڈ، لوہاری محلہ اور اس کے ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے وزیراعلی بلوچستان، صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیں اور عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقوں نچاری روڈ، پیر محمد خان روڈ، غلزئی روڈ، لوہاری محلہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے علاقہ میں گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر نہ ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر فوری طور پر گیس پریشر کو بحال نہ کیا گیا تو سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر، ان کے جنرل منیجر اور گیس حکام کے گھروں کا محاصرہ کیا جائے گا اور گیس دفتر اور گیس حکام کے گھروں کے گیس کی فراہمی منقطع کر کے اس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شدید سردی میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، کچھ دن پہلے گیس پریشر بحال ہوا لیکن پھر اچانک اور بلا وجہ گیس پریشر دوبارہ کم کیا گیا، اب سردی کی اس شدید لہر میں خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ایک جانب گیس نہیں ہے دوسری جانب لوگوں پر کروڑوں روپے کے بل کا بوجھ ڈالا جارہا ہے جو عوام کے ساتھ سراسر زیادتی اور ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس دفتر میں دو، تین آفسران پر مشتمل ایک مافیا قابض ہے جو ہر سال موسم سرما میں گیس پریشر کو جان بوجھ کرکم کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جی ایم گیس اور دیگر اعلی افسران ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرتے ہیں تاکہ وہ شہریوں کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس سپلائی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ چند دن پہلے کوئٹہ کے بیشتر علاقوں میں گیس کا پریشر بحال ہوا اور پھر کیا ہوا کہ وہ پریشر دوبارہ ختم ہوا، اب صبح سے شام تک گیس مکمل طور پر غائب رہتی ہے جبکہ رات کو بھی لوگوں کو گیس میسر نہیں۔ خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامناہے، لوگ بھوکے سو جاتے ہیںحکومت وقت، وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، حلقہ کے منتخب نمائندہ و صوبائی وزیر عبدالخالق ہزارہ سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ دیگر علاقوں کی طرح ان علاقوں پر بھی خصوصی توجہ دیں اور گیس کی فراہمی ممکن بنائے تاکہ لوگ اس سردی میں اپنا گزر بسر آسانی سےکرسکیں۔