مسلح گروہ اور رضا کار میں فرق ہوتا ہے، فضل الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وزرات داخلہ کی جانب سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ’ملیشیاز‘ سے متعلق جاری مراسلے پر کہا ہے کہ مسلح گروہ اور رضاکار میں فرق ہوتا ہے۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے وزارت داخلہ کی جانب سے لیے گئے نوٹس کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ یہ سیاسی دباؤ کے طور پر ایک رجسٹرڈ جماعت کو دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ایسے مراسلے سیاسی دباؤ کے لیے ہوتے ہیں اور اس کے الفاظ نئے نہیں ہیں جبکہ اس وقت جان بوجھ کر ایک نان ایشو کو ایشو بنایا جارہا ہے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ مسلح گروہ اور رضاکار میں فرق ہوتا ہے، رضاکار انصارالاسلام کے ہیں جو جے یو آئی کا ایک دستوری ونگ ہے۔