چوتھا ٹیسٹ : بھارت کی انگلینڈ کیخلاف اننگز سے کامیابی
احمد آباد ( اسپورٹس ڈیسک) چوتھے ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو تین دن میں اننگز اور 25 رنز سے ہرا کر نہ صرف چار میچوں کی سیریز تین،ایک سے جیت لی بلکہ 520 پوائنٹس کی بدولت ٹاپ ٹیم کی حیثیت سے اس نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا سامنا رواں سال کے وسط میں لارڈز پر نیوزی لینڈ سے ہوگا۔احمد آباد ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز سات وکٹوں پر 294 رنز کے ساتھ شروع کی اور واشنگٹن سندر کے ناقابل شکست 96 جبکہ اکشر پٹیل کے 43 رنز کی بدولت 365 رنز بنا ڈالے ۔بین اسٹوکس نے چار،جیمز اینڈرسن نے تین جبکہ جیک لیچ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔انگلینڈ نے 160 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو کپتان جو روٹ کے 30 رنز کے باوجود چھ وکٹیں 65 رنز پر گنوا دی گئیں۔ڈین لارنس نے اگرچہ 50 رنز بنائے مگر مجموعی اسکور 135 سے آگے نہ جا سکا۔اکشر پٹیل اور سیریز کے بہترین کھلاڑی روی چندرن ایشوین نے پانچ،پانچ وکٹیں حاصل کیں جو سیریز میں بالترتیب 27اور 32وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ۔رشبھ پنت کو مرد میدان قرار دیا گیا۔