لوگ میری طلاق کو انٹرٹینمنٹ نہ سمجھیں، ثناء فخر
کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ ثناء فخر نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے لوگ ہم سے تفریح چاہتے ہیں لیکن ہماری طلاق کو انٹرٹیمنٹ نہ سمجھا جائے۔
پاکستانی اداکار فخر جعفری کے ساتھ 14 برس کی رفاقت کے بعد گزشتہ سال دونوں کے درمیان علیحدگی ہوئی تھی۔
ایک تازہ انٹرویو میں اپنی طلاق کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر آپ خاص رشتہ نہیں توڑتے تو وہ رشتہ آپ کو توڑ کر رکھ دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ٹوٹی ہوئی شخصیت کے ساتھ زندگی گزارنے سے بہتر ہے کہ وہ رشتہ ختم کردیا جائے ورنہ آپ کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب اُس (اللہ) کے بندے ہیں اور اس نے ہر ایک کی تقدیر الگ لکھی ہے، اگر کوئی تمہارے لئے بہتر ہوگا تو اس سے تم کو الگ نہیں کرے گا سوائے اس صورت کہ دونوں میں سے ایک منافق ہو۔
ثناء فخر کا کہنا تھا کہ ایک عوامی شخصیت ہونے کے ناتے لوگ بہت کچھ جاننا چاہتے ہیں لیکن یہ نجی چیزیں ہیں اور ہم اس کے ذریعے لوگوں کو تفریح نہیں دے سکتے ہیں۔