سابق کپتان انضمام الحق کو پشاور زلمی کا صدر مقرر کر دیا گیا
لاہور : سابق کپتان انضمام الحق کو پشاور زلمی کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے، وہ گزشتہ سیزن میں پشاور زلمی سے بطور مینٹور منسلک تھے۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے انضمام الحق کو زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انضمام الحق لیجنڈ ہیں اور ان کی شمولیت سے زلمی کرکٹرز کو بھرپور فائدہ ہوگا، خصوصا زلمی کے نوجوان کرکٹرز کو انضمام الحق سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے شروع ہو رہا ہے جس کیلئے پشاور زلمی کی کٹ بھی لانچ کی جا چکی ہے۔
زلمی کٹ کو پشاور شہر اور مارخور کے نام کیا گیا ہے، پھولوں کے شہر پشاور کے روایتی ڈیزائن کو کٹ میں شامل کیا گیا ہے ، اس کے ساتھ پشاور اور خیبر پختونخوا کے مقامات اسلامیہ کالج ، گھنٹہ گھر پشاور، درہ خیبر اور کے ٹو کو نمایاں گیا ہے جبکہ پاکستان کے قومی جانور مارخور کو بھی شرٹ پر نمایاں کیا گیا ہے۔