خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ، سہولیات دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل
لاہور: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں جنہیں سہولیات دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ برسوں سے پنجاب پر مسلط حکمرانوں نے ملکی معیشت، اداروں اور سیاسی نظام کو تو معذور کیا مگر معذور افراد کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہ اُٹھائے، بزدار حکومت خصوصی افراد کیلئے عملی اقدامات کرتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں مختص 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنا رہی ہے جبکہ 580 ڈیلی ویج ملازمین کی مستقلی کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلی عثمان بزدار کی پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی تعلیم کے حوالے سے سپیشل ایجوکیشن پالیسی متعارف کراچکی ہے، 9 نئے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز اور 2 ڈگری کالجز کے علاوہ والدین، عوام کی مدد کیلئے ہیلپ لائن 1162 اور دیگر بے شمار منصوبے اسی سلسلے کی کڑی ہے۔